بھٹکل 26/ جون (ایس او نیوز) انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یعنی انجمن انجینئرنگ کالج میں پی یو سی سال دوم اور ڈپلومہ کے طلباء کے لئے انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات اور کورسس سے متعلق یک روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا ۔
اس موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن حامئی مسلمین کے رکن انتظامیہ محی الدین رکن الدین نے کہا کہ اس زمین پر موجود ہر ایک چیز میں انجینئرنگ پائی جاتی ہے ۔ سورج ، چاند، ستارے سمیت دنیا کی ہر چیز کی بنیا د میں انحینئرنگ ہے ۔ انسان دو طرح کے ہوتے ہیں ۔ ایک جانکاری رکھنے والے اور دوسرے انجان - جانکاری رکھنے والوں کا مطلب یہ ہے کہ ان کے پاس علم ، قابلیتیں اور عہدے وغیرہ ہوتے ہیں ۔ لیکن جانکاری نہ رکھنے والے لوگ بھی سب کچھ سنتے اور پوچھتے ہیں ، البتہ اس چیز یا بات کی اہمیت اورفوقیت کا انہیں اندازہ نہیں ہوتا ۔
کالج کے پرنسپال مشتاق احمد بھاوی کٹَے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو طلبہ انجینئرنگ سیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں انہیں سب سے پہلے اپنی دلچسپی والے کورس کا انتخاب کرنا چاہیے ۔ اسی صورت میں کامیابی ممکن ہے ۔ جب پی یو سی ختم ہونے کے بعد سی ای ٹی کا مرحلہ پورا ہوجاتا ہے اس وقت اپنا کورس منتخب کرنے سے پہلے اگر ہم سے رابطہ کریں گے تو ہم انہیں اپنی دلچسپی والے کورس کے انتخاب کے سلسلے میں رہنمائی کرنے کے علاوہ اگلے کورس کے لئے کالج میں داخلہ کی تمام کارروائیاں پوری کرنے میں ان کی مدد کر سکتے ہیں ۔
ریسورس پرسن کے طور پر حاضر ہونے والے ڈاکٹر آنند مورتی شاستری نے موجودہ زمانے میں انجینرنگ کے مختلف شعبہ جات ، ان کی توسیعات ، انہیں سیکھنے کی اہمیت اور مستقبل میں امکانات کے بارے میں طلبہ کو بڑی تفصیل سے سمجھایا ۔
پروگرام کے دوران اسٹیج پر وائس پرنسپال پروفیسر فضل الرحمٰن ، پروفیسر ٹی ایم ٹی راجکمار ، پروفیسر انور صادق ، پروفیسر شریدھر ایلورکر ، زاہد کھروری وغیرہ موجود تھے ۔ پورے پروگرام کو پروفیسر شری شئیل بھٹ اور طلبہ نے منعقد کیا ۔ ہاجرہ عزیز نے استقبال کیا ۔ نوح نے نظامت کی اور آدرش پال نے شکریہ ادا کیا ۔